آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی گئی، شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ حکم نامے کے مطابق وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت جاری کیے گئے اعلان کی مدت کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی اجازت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا، جی ایچ کیو کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں اور وسائل کی تعداد کا تعین کریں گے۔ پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ دوم میں شائع کیا جائے گا۔