لاہور میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مویشی منڈیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے اور جانوروں کی چوری کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت دی کہ جانوروں کی خرید و فروخت کے دوران فراڈ اور نوسربازی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا فوری اندراج اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایس ایس پیز کو جوئے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے اڈوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا ٹاسک بھی دیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے “ہارڈ کور پولیسنگ” اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے جرائم کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات اور مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد کی ہدایت کی، جبکہ رہائشی علاقوں میں بیریئرز، سی سی ٹی وی کیمروں اور سکیورٹی گارڈز کی موجودگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو بھی سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ پولیس دفاتر میں شہریوں کو غیر ضروری انتظار نہ کروایا جائے اور سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ اجلاس میں مختلف سینئر پولیس افسران نے شرکت کی اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔