اوپیک کی تیل پیداوار 26 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

اوپیک کی تیل پیداوار 26 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

اوپیک (پیٹرول برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم) کی تیل کی پیداوار 26 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جس کی تصدیق برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے تازہ سروے میں کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپریل میں اوپیک کی مجموعی تیل پیداوار 2 کروڑ بیرل یومیہ سے کم ہو کر 8 لاکھ 30 ہزار بیرل یومیہ کی سطح تک پہنچ گئی، جو گزشتہ کئی دہائیوں کی کم ترین سطح ہے۔اعداد و شمار کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ممکنہ بندش کے اثرات کے باعث خلیجی ممالک کی تیل پیداوار بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کویت کی تیل برآمدات میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، اور اپریل میں اس کی خام تیل کی برآمدات تقریباً صفر تک پہنچ گئیں۔اسی طرح سعودی عرب اور عراق کی تیل پیداوار میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث سعودی عرب کی پیداوار گر کر تقریباً 70 لاکھ بیرل یومیہ تک آ گئی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات واحد خلیجی ملک رہا جس کی تیل پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وینزویلا اور لیبیا کی پیداوار میں بھی اپریل کے دوران اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔توانائی ماہرین کے مطابق اوپیک کی پیداوار میں یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر اثر ڈال سکتی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی کشیدگی صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا رہی ہے۔