لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر ریسکیو 1122 کی جانب سے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یوم تشکر منایا گیا.سر سبز ہلالی پرچم کو سلامی،پروقار تقریب اور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی حالیہ عظیم الشان فتح اور ازلی دشمن بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی خوشی میں ریسکیو 1122 لاہور نے پرجوش انداز میں یوم تشکر منایا۔ اس سلسلے میں لاہور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسکیورز کی بڑی تعدادشریک تھی اس موقع پر ریسکیورز نے سبز ہلالی پر چم کو سلامی پیش کی۔تقریب سے ریجنل ایمرجنسی افسر ڈاکٹرفواد شہزاد مرزا نے بھی خطاب کیا اور ان مشکل حالات میں ریسکیورز کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہا۔تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ایمرجنسی افسر شاہد وحید نے کہا کہ حالیہ بیرونی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے زبردست کارگردگی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ملکی سلامتی کی ضامن تینوں مسلح افواج کے جانبازوں جنھوں نے دشمن کے طیارے اور ڈرون گرائے کو اس شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہی کی بدولت آج قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔اس موقع پر ریسکیو جوانوں کے وطن سے محبت اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئیتکبیر کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔بعد ازاں فتح کی خوشی میں ریسکیو1122کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا۔جو ریسکیو1122آفس سے شروع ہوکر جیل روڈ سے ہوتا ہوا لاہور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور پر اختتام پزیر ہوا۔