مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران کے صدر مسعود پزشکیان تین بنیادی شرائط پیش کر دی ہیں
صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ انہوں نے روس اور پاکستان کی قیادت سے گفتگو کے دوران خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ:
ایران کے جائز حقوق کو تسلیم کیا جائے،
ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کیا جائے،
آئندہ کسی بھی جارحیت سے بچاؤ کے لیے عالمی سطح پر ٹھوس ضمانتیں فراہم کی جائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع ہونے والے تنازع کو ختم کرنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ایران کے قانونی حقوق تسلیم کیے جائیں، جنگ سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور مستقبل میں حملوں کی روک تھام کے لیے مضبوط بین الاقوامی ضمانتیں دی جائیں۔صدر ایران نے مزید کہا کہ یہ جنگ صیہونی حکومت اور امریکہ کی جانب سے مسلط کی گئی ہے، اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ تنازع کے اصل اسباب کو تسلیم کیا جائے اور انصاف پر مبنی حل تلاش کیا جائے۔مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران کی پالیسی خطے میں استحکام اور امن کو فروغ دینا ہے، اور اگر ایران کے جائز مطالبات مان لیے جائیں تو جنگ کے خاتمے اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔