پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ UAE پر ایرانی حملوں میں 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، اور یہ حملے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
سلامتی کونسل سے خطاب میں عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ممالک کو جنگ کے بدترین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا، اور پاکستان ان حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان روس کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قرارداد کو بھی مثبت نگاہ سے دیکھتا ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کے دائرۂ کار میں مرتب کی گئی ہے۔ روسی قرارداد کا بنیادی مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوجی سرگرمیاں فوری طور پر بند کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں، جو پاکستان کے مجموعی مؤقف کے عین مطابق ہے۔
یاد رہے کہ سلامتی کونسل میں ایران کی پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی، جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تاہم روس کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی قرارداد منظور نہیں ہو سکی، جس میں 4 ووٹ حق میں، 2 ووٹ مخالفت میں ڈالے گئے اور 9 ارکان غیر حاضر رہے۔