قاہرہ: مصر کی معروف اسلامی درسگاہ جامعہ الازہر کے عالم ڈاکٹر احمد کریمہ نے کہا ہے کہ مردوں کو دوسری شادی کا مکمل حق حاصل ہے اور شرعی قانون میں اس کے لیے کسی اضافی جواز کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیوی کو چاہیے کہ وہ اپنے شوہر کو دوسری شادی کی ترغیب دے اور اس میں اس کا ساتھ دے۔عرب میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر احمد کریمہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دوسری شادی شرعی طور پر مباح ہے، یعنی نہ یہ فرض ہے، نہ واجب، نہ ناپسندیدہ اور نہ ہی حرام۔ شریعت میں اس کی اجازت عدل و انصاف کی شرط پر دی گئی ہے، اور ہر مرد کو خود فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنی بیویوں کے درمیان عدل قائم کر سکتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیوی کو اپنے شوہر کو گناہوں سے بچانے کے لیے دوسری شادی میں اس کی مدد کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر احمد کریمہ نے کہا کہ وہ ایک سے زیادہ شادیوں کی حمایت تو نہیں کرتے، لیکن اس عمل کو غلط بھی نہیں سمجھتے۔اسلامی علما کا کہنا ہے کہ اسلام میں تعددِ ازدواج کی اجازت دی گئی ہے، لیکن اس کے لیے بیویوں کے درمیان برابری اور عدل کی شرط لازمی ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی بیویوں کے درمیان برابری قائم نہیں کر سکتا، تو اس کے لیے ایک ہی نکاح کرنا بہتر ہے۔