وزیر داخلہ اور دفاع کو عوامی کٹہرے میں کھڑا کیا جائے:شیخ وقاص

جعفر ایکسپریس پر قبضے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی  اطلاعات نہایت تشویشناک  ہیں
 ناقص ترجیحات کی شکار حکومتوں کے ہاتھوں ملک بدترین انتشار کی دلدل میں تیزی سے دھنس رہا ہے
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے جعفر ایکسپریس سانحے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور دفاع کو عوامی کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کردیا۔ بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم تنظیم کے حملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے پارٹی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا۔اعلامیے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اب تک موصول ہونے والی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ جعفر ایکسپریس پر قبضے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی نہایت تشویشناک اطلاعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔پی ٹی آئی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے حقیقی صورت حال اور شہریوں اور ٹرین کے عملے کی سلامتی کے حوالے سے بلاتاخیر آگاہی کا مطالبہ کرتے ہوئے شہریوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی و رہائی کیلئے موثر حکمت عملی اور معنی خیز اقدامات پر زور دیا۔ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نااہل، نکمی اور ناقص ترجیحات کی شکار حکومتوں کے ہاتھوں سے ملک بدترین انتشار کی دلدل میں تیزی سے دھنس رہا ہے، عوامی مینڈیٹ سے محروم وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کو درپیش حقیقی چیلنجز سے نمٹنے کی بجائے دستور، جمہوریت اور عوام کے بنیادی حقوق کے جنازے نکالنے اور سیاسی انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے میں مصروف ہیں۔