اے کیٹگری کے 20 ہزار 611 ،بی کیٹگری کے 55 ہزار 437 مجرم ،18ہزار عدالتی مفرور پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں اور عادی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے 76 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں اے کیٹگری کے 20 ہزار 611 جبکہ بی کیٹگری کے 55 ہزار 437 مجرمان شامل ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر سے 18 ہزار سے زائد عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 1060 اور بی کیٹگری کے 17 ہزار سے زائد عدالتی مفرور شامل ہیں۔کریک ڈاؤن کے دوران 9 ہزار 482 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 3 ہزار 473 اور بی کیٹگری کے 6 ہزار 9 عادی مجرم شامل ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کریک ڈاؤن کے دوران 15 ہزار 568 اشتہاری مجرمان، 7 ہزار 841 عدالتی مفرور اور 3 ہزار 590 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔