سیف سٹیز منصوبہ کی توسیع کی تیاری

 جرائم اور ٹریفک کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ہزار نئے جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں سیف سٹیز منصوبے کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں جرائم اور ٹریفک کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ہزار نئے جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق 200 نئی سائٹس پر یہ کیمرے لگائے جائیں گے جن میں داخلی و خارجی راستے، اہم شاہراہیں اور زیر تعمیر علاقے شامل ہوں گے تاکہ نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ حکام کے مطابق یہ کیمرے جدید سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جس سے مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی، جرائم کی روک تھام اور ٹریفک مینجمنٹ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد لاہور میں سیف سٹیز کیمروں کی مجموعی تعداد تقریباً نو ہزار تک پہنچ جائے گی جس سے شہر کے وسیع علاقوں کو جدید نگرانی کے نظام میں شامل کیا جا سکے گا۔ اس منصوبے پر 78 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ کیمروں کی تنصیب آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی نے فنڈز اور نئی سائٹس کی منظوری کے لیے سمری حکومت پنجاب ارسال کر دی ہے