مذاکرات اور حتمی نکات تمام فریقوں کی طرف سے منظور ، دستخط یورپ میں ہونے کا امکان ہے، ٹرمپ
امن معاہدے میں پاکستان بہترین کردار ادا کررہا ہے، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عظیم ہیں:امریکی صدر
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی کے بعد حملے ر وکنے، معاہدہ کرنے کا اعلان کردیا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر اس ہفتے دستخط متوقع ہیں، معاہدے کی دستاویزات آخری مرحلے میں ہے، دستخط کی تقریب یورپ میں ہونے کا امکان ہے، جے ڈی وینس شرکت کریں گے۔ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدے میں پاکستان بہترین کردار ادا کررہا ہے، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عظیم شخصیت ہیں، معاہدے پر سب خوش ہیں، پورا مشرق وسطیٰ بھی اس پر خوش ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی ڈیل کو حتمی شکل دینے تک پوری قوت سے جاری رہے گی، ایران کے ساتھ بات چیت کو ایرانی قیادت کی اعلیٰ ترین سطح تک لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور حتمی نکات تمام فریقوں کی طرف سے منظور کیے گئے ہیں، ان فریقین میں امریکا، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، پاکستان، قطر، ترکیے اور دیگر شامل ہیں۔علاوہ ازیں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ایران سے مشاورت میں پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔قبل ازیں مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ایران پر طے شدہ حملوں کو منسوخ کردیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے یہ فیصلہ مزید بمباری کی دھمکی دینے اور تیل کی برآمدات کے مرکز جزیرہ خارگ پر ’قبضہ‘ کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے کے چند گھنٹوں بعد کیا ہے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کو ایرانی قیادت کی اعلیٰ ترین سطح تک پہنچا کر منظور کر لیا گیا ہے، لہٰذا آج شام ایران کے خلاف ہونے والے طے شدہ حملے اور بمباری منسوخ کر دی ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ "مذاکرات اور حتمی نکات" کی منظوری امریکا، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، پاکستان، بحرین، کویت، اردن، مصر اور دیگر ممالک نے دے دی ہے۔اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ آج رات پھر ایران پر حملے کریں گے، امریکی صدر نے ایران کے جزیرہ خارگ اور تیل کے انفراسٹرکچر پر قبضے کا عندیہ بھی دیا تھا۔