مہنگائی ، چینی کی ڈبل سنچر ی مکمل

 ایک ہفتے میں 19 اشیا مہنگی ، 6 سستی،لاہور، کراچی ، راولپنڈی میں چینی 200 روپے کلو
 ،مرغی کی قیمت میں 78 روپے کلو اضافہ ہوا ایک ہفتے میں ٹماٹر 10 روپے 56 پیسے مہنگے رپورٹ 
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.95 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور صرف 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 4 جولائی 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.95 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی مجموعی شرح منفی 1.23 فیصد رہی۔ سب سے زیادہ اضافہ مرغی کی قیمت میں دیکھنے میں آیا جو 78 روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہو کر 424.66 روپے تک پہنچ گئی۔ چینی کی قیمت میں 3 روپے 52 پیسے کا اضافہ ہوا اور اب اوسط قیمت 188.44 روپے فی کلو ہو گئی جبکہ مارکیٹ میں چینی 200روپے کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ ٹماٹر 10 روپے 56 پیسے، پیاز 3 روپے 34 پیسے، لہسن 8 روپے 44 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ، جبکہ انڈے، دودھ، دہی، دال ماش، گڑ اور کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 82 روپے 98 پیسے سستا ہوا جبکہ دال مونگ کی قیمت 1 روپے 65 پیسے فی کلو کم ہوئی۔ آٹا، ڈالڈا گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 26 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی فرق نہیں آیا جن میں مٹن، بیف، بریڈ، نمک اور چائے کی پتی شامل ہیں۔ ملک میں چینی کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی، ادارہ شماریات کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے تک چینی کی فی کلو اوسط قیمت 184 روپے 92 پیسے تھی جبکہ ایک سال قبل چینی کی اوسط قیمت 145 روپے 88 پیسے کلو تھی۔