خورشید شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات
حکومت نے رابطہ نہیں کیا،جے یوآئی کے دروازے کھلے ہیں :ترجمان کی گفتگو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے وفد نے خورشید شاہ کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی، ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کی مل کر الیکشن لڑنے کی حکمت عملی طے ہونے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں اے این پی کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش ہوگی، کے پی سینیٹ الیکشن میں صوبائی اسمبلی میں آزاد ارکان سے بھی رابطیکئے جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے وفد میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کنڈی، خورشید شاہ اور ظاہر شاہ شریک تھے جبکہ ملاقات کے دوران جے یو آئی کے اکرم خان درانی، مولانا لطف الرحمن، اسعد محمود ،اسجد محمود موجود تھے۔ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال ، کرپشن بدعنوانیوں سمیت صوبائی حقوق اور ضم شدہ اضلاع کے باسیوں میں پائے جانے والے احساس محرومی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی حکومتی پیشکش قبول کرنے کے حوالے سے ترجمان جمعیت علما اسلام خیبر پختونخوا مولانا عبدالجلیل جان نے واضح کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق اب تک مولانا فضل الرحمن سے کسی جماعت نے رابطہ نہیں کیا ۔ ترجمان جے یو آئی نے ایک بیان میں کہا کہ اگر کسی جماعت نے رابطہ کیا تو جے یو آئی کے دروازیکھلے ہیں ،پی ٹی آئی والے ہمارے پاس آرہے ہیں مگر مجلس عاملہ عمومی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کی منظوری نہیں دی۔