مکہ مکرمہ بس پراجیکٹ نے زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام سے حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ تک نیا بس روٹ شروع کر دیا۔
نئے روٹ کا مقصد مذہبی اور ثقافتی مقامات کے درمیان بہتر رابطہ فراہم کرنا ہے، تاکہ عمرہ زائرین آسانی سے شہر کے اہم تاریخی اور ثقافتی مقامات تک جا سکیں۔حرا ثقافتی ڈسٹرکٹ میں غار حرا کا مجسم ماڈل، قرآن کریم میوزیم، اور دیگر ثقافتی مقامات شامل ہیں، تاکہ وہ زائرین جو پہاڑ کی چوٹی تک نہیں جا سکتے، وہ بھی غار حرا کا مشاہدہ کر سکیں۔مکہ مکرمہ میں بس سروس 12 روٹس پر فراہم کی جارہی ہے، اور اس میں 400 بسیں اور 431 بس اسٹیشنز شامل ہیں، جن کی مجموعی مسافت 580 کلومیٹر ہے۔اب تک مکہ بس سروس نے 188 ملین (18 کروڑ 80 لاکھ) مسافروں کو سہولت فراہم کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد عالمی معیار کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا ہے، جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔