اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک سرحدی گائوں میں کبوتر پکڑا گیا، مقامی تھانے منتقل
سرینگر(خصوصی رپورٹ)بھارتی پولیس نے پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں کبوتر کو گرفتار کر لیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک سرحدی گائوں میں مشتبہ کبوتر پکڑے جانے کے بعد سکیورٹی اداروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔بھارتی پولیس کے مطابق کبوتر پر الزام ہے کہ یہ پاکستان کیلئے جاسوسی کرتا ہے،آریان نامی بچے نے صبح کے وقت اس کبوتر کو پکڑا جس کے دونوں پروں پر سیاہ رنگ کی پٹیاں موجود تھیں جبکہ اس کے پائوں میں سرخ اور زرد رنگ کی دو انگوٹھیاں پہنائی گئی تھیں۔پولیس کے مطابق ان انگوٹھیوں پر رحمت سرکار رضوان 2025 کے الفاظ اور کچھ عددی کوڈ درج ہیں، جن کی بنیاد پر کبوتر کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے۔سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کبوتر کو مقامی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ خیال رہے کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج ماضی میں بھی جاسوسی کے الزام میں غباروں اور پرندوں کو گرفتار کرچکی ہے۔