ایران میں سرکاری املاک اور فورسز پر حملوں میں شدت، فوج میدان میں آگئی

طاقت کیساتھ قومی مفادات، اسٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کا تحفظ کریں گے، ایرانی فوج کا مظاہروں کے تناظر میں قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اظہار
ایران کا مظاہرین کو بھڑکانے والے 600 موساد کے ایجنٹوں کو بے نقاب کرنے کا دعوی ،ہم ایران میں مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہیں، بہتر ہے کہ وہ فائرنگ شروع نہ کریں، ٹرمپ 
تہران،واشنگٹن(آئی این پی )ایران میں گزشتہ دوہفتوں سے زائد جاری احتجاج میں نمایاں شدت آگئی ، ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کی صورتِحال نازک ہوتی جا رہی ہے،اسی دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے، مظاہرین کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری پاسداران انقلاب کو سونپ دی گئی ہے ،ایرانی فوج نے ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کیساتھ قومی مفادات، اسٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کا تحفظ کریں گے۔سرکاری اعداد و شمار اور مقامی وعالمی رپورٹس کے مطابق ایران کے 31 صوبوں کے 100 سے زائد شہروں میں پرتشدد واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں، جہاں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔بعض مقامات پر مظاہرین میں مسلح جتھوں کی موجودگی کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد صورتِحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔بڑھتی ہوئی بدامنی کے پیش نظر ایرانی حکام نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج کو بھی میدان میں اتار دیا ہے۔ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ عزم کے ساتھ ہر سازش کا مقابلہ کرے گی اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا