اومدرمان میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کی گولہ باری میں 65افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے
خرطوم (آئی این پی )سوڈان میں گذشتہ دوروز کے دوران فوج اور اس کی مخالف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسزکی جانب سے بڑے پیمانے پر حملوں میں کم از کم 176افراد ہلاک ہو گئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے علاقے اومدرمان میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے دستوں کی گولہ باری میں کم از کم 65افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے، یہ حملہ شمالی دارفور کے قصبے کبکابیہ کے ایک بازار پر فوج کے فضائی حملے کے ایک دن بعد ہوا ہے، اس بازار پر حملے میں 100سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔خرطوم کے گورنر احمد عثمان حمزہ کا کہنا ہے کہ مسافر بس پر ایک ہی شیل لگنے سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک اور 22 افراد کے جسم کے ٹکڑے ہوگئے، انہوں نے حملے کی وجہ نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسزکی دہشت گرد ملیشیا کو قرار دیا جو اپریل 2023 سے فوج کے ساتھ جنگ کر رہی ہے۔