بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نسل کشی کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔
پریانکا گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے اب تک 60 ہزار سے زائد افراد کو قتل کر دیا ہے جن میں 18 ہزار 430 بچے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے سیکڑوں بچے اور دیگر افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہو کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔پریانکا گاندھی نے عالمی برادری اور بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ان سنگین جرائم پر خاموشی اختیار کرنا اور اس پر کوئی موثر کارروائی نہ ہونا خود ایک بڑا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ جب اسرائیل غزہ پر تباہی کا نظام مسلط کر رہا ہے، تو بھارتی حکومت مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے مطالبہ کیا کہ بھارت سمیت عالمی برادری کو فوری طور پر اسرائیل کی اس نسل کشی کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ انسانی حقوق کی پامالی کو روکا جا سکے۔