واسا کیلئے کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ

غیر ملکی وفد کا واسا ہیڈ آفس کا دورہ، زیر زمین واٹر ٹینک ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ 
لاہور ( کرائم رپورٹر ) گلوبل واٹر آپریٹر نیٹ ورک الائنس ہنگری کے وفد نے واسا لاہور ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں واسا کے جاری اور مجوزہ میگا پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر واسا مدثر جاوید نے وفد کو ادارے کی کارکردگی، جدید اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں طے پایا کہ واسا لاہور، گلوبل واٹر آپریٹر نیٹ ورک الائنس کی مدد سے پنجاب بھر کے واسا کیلئے کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کا آغاز کرے گا۔ وفد نے قذافی سٹیڈیم میں زیر زمین واٹر ٹینک، ملتان ڈسپوزل سٹیشن اور پنجاب اسمبلی کا بھی دورہ کیا۔ وفد میں پال بارٹوک، مارٹن بور، آندریا ایوانکس، ٹیمیافاسٹ، گیبور برانڈسٹیٹر اور امرہ انگینڈینز شامل تھے۔