ٹیکس نظام میں سادگی لانے کا عزم رکھتے ہیں: محمد اورنگزیب

ٹیکس نظام میں سادگی لانے کا عزم رکھتے ہیں: محمد اورنگزیب

​وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کے بوجھ کو بخوبی سمجھتے ہیں اور ٹیکس نظام کو سادہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق، ایسے افراد جن کی جائیداد نہ یہاں ہے نہ وہاں، انہیں پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا گیا ہے، جسے آسان بنایا جائے گا۔​انہوں نے رشوت کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ رشوت لے رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ کوئی انہیں رشوت دے رہا ہے، اور عوام سے درخواست کی کہ رشوت دینا بند کر دیں۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم اس مسئلے پر سنجیدہ ہیں اور کسٹمز میں فیس لیس ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ چوری یا رشوت بازاری نہ ہو سکے۔​محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ تاجروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، کیونکہ صنعت کی ترقی ملکی ترقی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے درست سمت کا تعین ضروری ہے اور صنعتی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔​وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

 ان کے مطابق، مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے اور پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار میں استحکام آ رہا ہے۔​انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ کی اتار چڑھاؤ بیرونی عوامل کی وجہ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2028ء کے بعد پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔​وفاقی وزیر نے بلوچستان میں ریکوڈک پروجیکٹ کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا خواب ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔​