پنجاب پولیس کا ریسکیو ، ریلیف آپریشن

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں شہریوں اور مویشیوں کا انخلا اور ان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق سیف سٹی کی تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کی مدد سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے    ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں پنجاب پولیس کے 16 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 745 وہیکلز اور 40 کشتیاں شریک ہیں۔ اب تک پنجاب پولیس لاہور سمیت مختلف متاثرہ اضلاع سے 5 لاکھ 73 ہزار 919 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔سیلاب زدہ علاقوں سے 02 لاکھ 41 ہزار 866 مردوں، ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد خواتین اور ایک لاکھ 52 ہزار 971 بچوں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کے5 لاکھ 91 ہزار 300 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات تک پہنچایا جا چکا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ملتان ریجن سے 2 لاکھ 25 ہزار 775، فیصل آباد ریجن سے 71 ہزار 400، ڈیرہ غازی خان ریجن سے 65 ہزار سے زائد اور ساہیوال ریجن سے 57 ہزار 342 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا ہے آٓئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر انخلا کے عمل میں پنجاب پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔