سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں آنے والے سعودی وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی۔
مریم نواز نے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے وفد کو خوش آمدید کہتی ہوں اور پاکستان پر اعتماد کرنے پر سعودی قیادت کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جلاوطنی کے دن جدہ میں گزارے اور جدہ کو اتنا ہی جانتی ہیں جتنا لاہور کو۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پوری مسلم دنیا کے لیے مثالی ہیں، عوام نے دونوں ممالک کے دفاعی معاہدے کو بے حد سراہا ہے، اور وفد کی آمد پنجاب کے لیے خوش بختی کی علامت ہے۔ پنجاب حکومت جدید خطوط پر کام کر رہی ہے اور خادم الحرمین شریفین کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت کاری اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، اور پنجاب پاکستان کی معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
پرنس منصور بن محمد آل سعود نے پنجاب آمد پر بہترین استقبال پر شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی زرخیز زمینیں سرمایہ کاری کے لیے اہم ہیں اور آئی ٹی، صحت، ہاؤسنگ اور ٹورازم میں شراکت داری کے خواہش مند ہیں۔پرنس منصور نے مزید کہا کہ پنجاب میں دس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے اور سعودی سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عندیہ دیا۔