پولیس ، کارکنوں میں تصادم ،13اہلکار زخمی

 پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی تو پتھرائو کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی، اضافی نفری تعینات 
لاہور (کرائم رپورٹر) مذہبی جماعت کے لانگ مارچ کے دوران کارکنوں کے پتھراو سے پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔پتھراو کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 13 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور متعدد کانسٹیبل شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے، جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ملتان روڈ پر تحریک لبیک پاکستان کے غزہ مارچ کے دوران پولیس اور جماعت کے کارکنان کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ تصادم کے دوران کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا گیا، جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایدھی فائونڈیشن کے مطابق ایدھی ایمبولینسز اور رضاکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے