وزیراعلی کی صدارت میں اجلاس خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ

 5 ہزار سے زائد داخلوں کا  ریکارڈ قائم ،  آٹزم سکول کے بچوں، اساتذہ اورسٹاف کیلئے یونیفارم اور ڈیزائن ،13 رکنی بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کی منظوری
سکول کیلئے خصوصی ہائبرڈ ماڈل تیار ،بچوں کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تصویری اور تحریری تھراپی دی جائیگی:معاون خصوصی کی بریفنگ
 لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر ترین مدت میں خصوصی بچوں کے 5 ہزار سے زائد داخلے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور پوری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں واضح فیصلہ کیا کہ غریب بچوں کو مریم نواز آٹزم سکول میں مکمل طور پر مفت تھراپی اور تعلیم دی جائے ۔اس موقع پر خصوصی بچوں کو ہمّت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دنیا بھر سے بہترین ماہرینِ آٹزم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مزید 48 نئی بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹزم سکول کے بچوں، اساتذہ اور سٹاف کے لیے یونیفارم اور ڈیزائن کی بھی منظوری دی۔۔سکول کے لیے ایک جامع فنکشنل گرین نصابِ تعلیم بھی تیار کیا گیا ہے جس میں کمیونیکیشن و لینگویج، لائف اسکلز، اسلامی و اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔یہاں 3 سے 16 سال تک کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گااور مریم نواز آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچے 22 سال کی عمر تک زیرِ تعلیم و زیرِ علاج رہ سکیں گے۔سکول کے لئے خصوصی ہائبرڈ ماڈل تیار کیا گیا ہے،جس کے تحت بچوں کو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تصویری اور تحریری تھراپی دی جائے گی۔