دہشتگردی کا عفریت ختم کرنے کیلئے حکومت اور سکیورٹی فورسز سرگرم عمل ہیں:وزیراعظم‘جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت ‘اہلخانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا ء
حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے ختم، شفافیت اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ افسروں کا اہم کردارہے‘امید ہے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرینگے:انفارمیشن گروپ کے افسروں سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی،وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر سرگرم عمل ہے‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم ، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔وزیر اعظم سے انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری افسران نے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری،پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے۔ہفتہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے اکاونویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے وزیر اعظم ہاس میں ملاقات کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔پروبیشنری افسران، اپنی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد وزارت کے مختلف اداروں میں اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔وزیر اعظم نے دور حاضر کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے میں موثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے