خیبرپختونخوا میں اراضی کے معاوضوں کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنانے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرادیا گیا ہے، جس کے تحت تمام ادائیگیاں مخصوص مالیاتی قواعد کے مطابق کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق، اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے لینڈ ایکوزیشن کمپنسیشن کی ادائیگیوں کے لیے نئے اقدامات کی وضاحت کی ہے۔ نئے نظام کے تحت، معاوضوں کی ادائیگیاں براہ راست کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے ٹرانسفر انٹری کے ذریعے کی جائیں گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم پہلے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی اور پھر وہاں سے متعلقہ مالکان کو ادائیگی کی جائے گی۔ اراضی مالکان کو معاوضہ صرف اس وقت جاری کیا جائے گا جب تمام بلز اور واؤچرز باقاعدہ منظور ہو چکے ہوں۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ادائیگی سے قبل تمام قانونی اور مالی تقاضے پورے کیے جائیں۔
شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے، ادائیگیوں کا عمل ایم پی جی سسٹم کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مالی لین دین کی منظوری، ریکارڈنگ اور تصدیق لازمی طور پر مکمل کی جائے۔ خزانہ عملہ متعلقہ دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی ادائیگی کرے گا۔