26مقامات پرحملے، محدود نقصان بھارتی فوج کا اعتراف

پاکستان نے ہائی سپیڈ میزائل،جنگی طیاروں سے ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پورو دیگر کئی ایئر سٹیشنز کو نشانہ بنایا:بھارتی فوجی ترجمان 
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت فوج نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے مغربی محاذ پر فوجی کارروائی کے دوران بھارتی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تیز رفتار میزائل استعمال کیے، جس سے محدود پیمانے پر نقصان ہوا۔بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ پاکستان نے یو کیب ڈرونز، لانگ رینج ہتھیار، گولے بارود اور جنگی طیاروں کا استعمال کر کے فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر سرینگر سے نلیا تک 26 سے زیادہ مقامات پر فضائی دراندازی کی کوششیں کی گئیں لیکن انڈین فوج نے کامیابی سے اپنا دفاع کیا۔انھوں نے بتایا کہ ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور اور بھج، بھٹنڈا سٹیشن جیسے ایئر سٹیشنز پر محدود پیمانے پر نقصان ہوا۔‘’میں یہ بھی بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان نے ہائی سپیڈ میزائل صبح ایک بجکر 40 منٹ پر استعمال کر کے پنجاب کے ایئربیس سٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان نے سرینگر، اونتی پور اور ادھم پور میں فضائیہ کے ایئربیس پر صحت کے مراکز اور سکول کو بھی نشانہ بنایا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے ایئر ڈیفنس نظام ایس 400 کو پاکستانی طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے ذریعے تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کر دیا۔بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے نئی دہلی میں ایک پریس بریفنگ کے دوران نیوی کے کموڈور راگھو نائر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج، نیوی اور ایئر فورس جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے لیکن ملکی سالمیت کی حفاظت کے لیے چوکنا رہیں گی۔انڈیا کی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کی اس پریس کانفرنس میں اس بات کی تردید کی گئی کہ پاکستانی حملوں سے انڈیا میں فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا کہ میں پہلے بھی متعدد مواقع پر کہہ چکا ہوں کہ پاکستانی اقدامات نے اشتعال انگیزی اور کشیدگی کو جنم دیا۔انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستانی فوجیوں کو آگے کے علاقوں میں منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جو صورتحال کو مزید کشیدہ کرنے کے جارحانہ ارادے کی نشاندہی کرتا ہے۔انڈین افواج تناؤ میں کمی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہیں بشرطیکہ پاکستان بھی ایسا ہی کرے۔