شمالی لندن کی فنسبری پارک مسجد کو دھمکیاں دینے والے 47 سالہ شخص، لی ہارپر، کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
لی ہارپر نے 21 جنوری کو دو گھنٹے کے دوران 4 مرتبہ فون کالز کر کے مسجد کو دھمکیاں دیں، اور لندن کے میئر صادق خان کا حوالہ دیتے ہوئے مسجد کو مشرق وسطیٰ واپس جانے کے لیے دباؤ ڈالا۔ ہارپر نے دھمکی دی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو سنگین نتائج ہوں گے۔مسجد کے نگراں، مسٹر حسین، نے ان فون کالز کو سنا اور انہیں شدید خوف محسوس ہوا کیونکہ مسجد میں پہلے بھی حملے ہو چکے ہیں اور وہاں نمازیوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی موجود ہوتے ہیں۔پولیس نے تین دن بعد لی ہارپر کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ ہائبری کارنر مجسٹریٹس کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران، ڈسٹرکٹ جج حنا رائے نے لی ہارپر کو 10 ہفتے کی قید کی سزا سنائی، جو کہ 18 ماہ کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، ہارپر پر فنسبری پارک مسجد کا دورہ کرنے پر پانچ سال کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے اور اسے 200 گھنٹے بلا معاوضہ کام کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔عدالت میں یہ بھی کہا گیا کہ اینٹی اسلاموفوبیا چیریٹی "ٹیل ماما" کے مطابق 2024 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 2023 میں مسلمانوں کے خلاف 6,313 نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے، جو کہ 2022 کے مقابلے میں 165 فیصد زیادہ ہیں۔