سریے سے لدے تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دی
موٹر سائیکل سوار شہریار،اسماعیل ، حنان ٹرالر سے ٹکراکر دم توڑ گئے
کالاشاہ کاکو (خصوصی رپورٹ)جی ٹی روڈ پر رانا ٹاؤن کے قریب 3موٹر سائیکل سوار دوست ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکراکر جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا۔ فضل پورہ (مرید کے)کے رہائشی دوست 23سالہ شہریار، 20سالہ اسماعیل، 22سالہ حنان کھر ل موٹر سائیکل پر لاہور سے مرید کے جا رہے تھے،رانا ٹاؤن کے قریب پہنچے تو آگے جانے والے سریے سے لدے تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دی جس سے تینوں ٹرالر سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال لایا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او فیروز والا ولی حسن پاشا نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے پولیس نے ٹرالر کو قبضہ میں لے لیا اوراسماعیل کے ماموں رانا سلیم کی رپورٹ پر ٹرالر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسکی تلاش شروع کر دی، اطلاعات کے مطابق نوجوان شہر یار حال ہی میں دبئی سے پاکستان واپس لوٹا تھا۔