کراچی (آئی این پی) کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر سہراب گوٹھ کے قریب مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ایس ایچ او تھانہ فیڈرل بی ایریا صنعتی ایریا فرخ شہریار کے مطابق حادثہ لیاری ایکسپریس وے کے سپر ہائی وے اخراج کے قریب سہراب گوٹھ ندی پل کے نزدیک پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔انکا مزید کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی دستاویزات کی مدد سے ایک متوفی کی شناخت لیاقت علی ولد غلام حسین، ملیر ریڑھی گوٹھ کے رہائشی نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے متوفی کی شناخت گلبہار ولد حسن کے نام سے ہوئی۔ تاہم اس کی رہائش کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ دونوں افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔