پنجاب ماڈل ریڑھی منصوبے میں 5 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام:بیرسٹر سیف

پنجاب ماڈل ریڑھی منصوبے میں 5 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام:بیرسٹر سیف

پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پنجاب ماڈل ریڑھی منصوبے میں 5 کروڑ روپے کرپشن کا الزام عائد کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مریم نواز کے ایک اور منصوبے میں کرپشن کی خبریں گردش کر رہی ہیں، اور مریم نواز کو جعلی وزیراعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کی ماں بن چکی ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ماڈل ریڑھی منصوبے کے ٹھیکے میں منظور نظر افراد کو نوازا گیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 50 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی منصوبہ کرپشن سے پاک نہیں ہے، اور مریم نواز نے گزشتہ ایک سال میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، عوام کے ٹیکس کے پیسے کرپشن اور اپنی نااہلی کی نذر ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شریف خاندان ہر منصوبے کی ابتدا سے پہلے کمیشن اور کرپشن کی منصوبہ بندی کرتا ہے، اور فارم 47 کی جعلی وزیراعلیٰ قومی خزانے کو لوٹ رہی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ چچا وفاق میں اور بھتیجی پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم کر رہے ہیں۔