پاکستان کی تیار کردہ فٹبالز فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہوں گی

پاکستان کی تیار کردہ فٹبالز فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہوں گی

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسپورٹس کی برآمدات 3 ارب ڈالرز سے تجاوز کر چکی ہیں، جس میں فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی بنی ہوئی فٹبال شامل ہے۔

قومی اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نجی شعبے کے قرضوں میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ قرضہ 935 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ زرعی قرض میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔وزیرِ خزانہ کے مطابق صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے اور صنعتی ٹیرف سے کراس سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نج کاری کے لیے اظہارِ دلچسپی طلب کر لی گئی ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جون کے آخر تک ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے، اور ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جن میں سے 39 ہزار نئی کمپنیوں کا رجسٹریشن ہوا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مینوفیکچرنگ کے 22 شعبوں میں سے 16 شعبوں میں بہتری آئی ہے، مالی خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کا صرف 0.7 فیصد رہ گیا ہے، اور ملک میں شرحِ خواندگی 63 فیصد ہو چکی ہے۔