وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے اقدام

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے اقدام

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت گرانٹ ان ایڈ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

 یہ اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر منعقد ہوا۔ وزیر نے ہاکی کے شعبے میں ترقی اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کا اعلان کیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہاکی کے ریوائیول کے لیے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب بھر کے اسکولز اور کالجز میں ہاکی کے مقابلے کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اس اقدام کے تحت کھلاڑیوں کو ہاکی کٹس، پروٹیکٹو گیئر، شرٹس، شوز اور اسٹائپنڈ فراہم کیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے انٹرنیشنل کوچز اور ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔مزید برآں، مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب بھر میں ہاکی اکیڈمیز کا ایک جال قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جدید ترین ٹرف اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سابق اولمپینز کو گریس مینٹرز کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل معیار کے ہاکی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا عمل بھی زیر غور ہے۔اس کے علاوہ، سکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بہترین کھلاڑیوں کو بیرون ملک تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ خواتین ہاکی ٹیم کی تشکیل نو اور گرلز کالجز میں خصوصی ہاکی لیگ کے آغاز کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر سالانہ "پنجاب ہاکی سپر لیگ" منعقد کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کارپوریٹ سیکٹر سے سپانسرشپ لینے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فنانسنگ میکانزم تیار کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔مزید برآں، کلچر اور میوزک کی بحالی کے لیے پاکستان آئیڈل سیزن 2 کے لیے 70 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔