محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ گھنٹوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق شہر میں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حبس کی کیفیت بھی برقرار رہ سکتی ہے۔دوسری جانب، ایمرجنسی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی آبگزارگاہوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق، چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ اسی طرح، گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔مزید برآں، 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 11 سے 13 جون کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کراچی میں آج شدید گرمی کا سامنا رہے گا، جہاں تیز دھوپ اور مرطوب موسم کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی اور محسوس ہونے والا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں جنوب مغرب سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔