محکمہ موسمیات نے شہر میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد اور ہوا کی رفتار 13 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ آج درجہ حرارت 28 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 جولائی تک مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی توقع ہے، کیونکہ مرطوب مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ آج شام سے ایک مغربی لہر بھی انہی علاقوں میں اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رات گئے ہونے والی ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔