ون ویلنگ کے مرتکب19 گرفتار، 18 مقدمات

  غیر قانونی طور پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر55  افراد سرکاری مہمان بن گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی عیدالاضحی پر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پرمختلف کارروائیوں میں 238ملزمان کو گرفتار کر کے196 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ عید الاضحٰی پر ون ویلنگ کے مرتکب19 قانون شکن عناصر کوگرفتارکر کے ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 18 مقدمات کا اندراج کیا گیاہے۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر2 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پتنگ بازی کے 5 ملزمان کوگرفتارکر کے4 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔اس دوران اسلحہ کی نمائش کرنے والے39 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر3 ملزمان کو گرفتارکر کے3 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ عیدالاضحٰی پر غیر قانونی طور پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر55 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر53 مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہے۔ عید کے ایام میں غیر قانونی طور پر سری پائے بھوننے والے79 ملزمان کو گرفتارکر کے70 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران پابندی کے باوجود نہر میں نہانے والے36 ملزمان کو گرفتارکر کے7 مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا ہیسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے عید الاضحی کے تینوں دن شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سپروائزری افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔انہوں نے کہا کہ پارکوں کی سکیورٹی پر پولیس افسران اور جوانوں کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عید پرموثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔