وفاقی حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے اپریل 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کی مد میں اعشاریہ 93 روپے (0.93 روپے) فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ جون 2025 کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے فی یونٹ 1.26 روپے اضافے کی درخواست دی تھی۔ تاہم نیپرا نے گزشتہ ماہ سماعت کے بعد 0.93 روپے اضافے کی منظوری دی۔یہ اضافہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت عائد کیا گیا ہے جو ہر ماہ ایندھن کی لاگت کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ نیپرا کے مطابق، قیمتوں میں یہ ردوبدل صرف ایک ماہ کے لیے ہے اور آئندہ ایڈجسٹمنٹ میں حالات کے مطابق رد و بدل ممکن ہے۔یاد رہے کہ اس وقت بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوامی سطح پر شدید تشویش پیدا کر دی ہے، اور مہنگائی کے اثرات عام صارف کی زندگی کو مزید متاثر کر رہے ہیں۔