امریکی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں: مریم نواز شریف

وزیراعلیٰ کی امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز سے ملاقات‘مختلف  شعبوں میں تعاون بڑھانے پر  تبادلہ خیال
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی رہنمائی اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں بہترین وفاقی  بجٹ پیش کیا گیا :وزیراعلی پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر  اور امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز  نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کا پر تپاک و پر خلوص خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نٹالی بیکر کی بطور ناظم الامور پاکستان میں متحرک اور مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پاک امریکا دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امریکہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی حمایت پر نٹالی بیکر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سسٹر سٹیٹ ہونے کے ناطے کیلیفورنیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس کے ساتھ ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے امریکا کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔ پاکستان اور امریکا تعلقات مشترکہ اقدار اور اسٹرٹیجک مفادات پر قائم قابلِ قدر شراکت داری ہے۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں امریکا کے لیے اسٹرٹیجک پارٹنر کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پنجاب ملک کا سب سے بڑا اور معاشی طور پر فعال صوبہ ہے امریکی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مضبوط پْل کی مانندہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز پر امریکا کو اہم عالمی شراکت دار سمجھتے ہیں۔ امریکا کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں‘دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم محمد شہبازشریف اوران کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ جاری اپنے بیان میں مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی رہنمائی اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں بہترین بجٹ پیش کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ملازمین دوست،کسان دوست،صنعتکار دوست اورعوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بجٹ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے نئے مالی سال کا بجٹ عوام کیلئے خوشی اور خوشحالی لائے گا