حکومت بلوچستان نے ضلع کوئٹہ کو دو الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ سابق ضلع کوئٹہ کو کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ضلع کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل ہوں گے، جبکہ ضلع کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں۔حکومت نے ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کرنے کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔اس کے علاوہ حکومت بلوچستان نے لسبیلہ ڈویژن کے قیام کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
نئے ڈویژن میں لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع شامل ہوں گے، جبکہ لسبیلہ ڈویژن کا ہیڈکوارٹر ضلع لسبیلہ میں قائم کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سب تحصیل سارونہ کو ضلع خضدار سے الگ کر دیا گیا ہے۔ سارونہ کی ایک یونین کونسل کو ضلع لسبیلہ جبکہ دوسری یونین کونسل کو ضلع حب کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان کے مطابق ان انتظامی تبدیلیوں کا مقصد بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی اور انتظامی امور کو مزید فعال بنانا ہے۔