لاہور(کرائم رپورٹر)موٹروے ایم-2 پر پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے درمیان حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق زخمیوں میں 2 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی عدم توجہی کے باعث پیش آیا۔ موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا، جہاں معمولی زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ دو شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی، جبکہ ایس پی موٹروے پولیس فیصل اکرم نے ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ حادثے کے بعد موٹروے کو فوری طور پر کلیئر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔