پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس پر فائرنگ کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کامران بنگش پر فرد جرم عائد کر دی۔
یہ مقدمہ 20 دسمبر 2023 کو پیش آنے والے واقعہ سے متعلق ہے جب پی ٹی آئی کے روپوش رہنما مراد سعید کی گرفتاری کے لیے چمکنی پولیس نے کامران بنگش کے حجرے پر چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران، کامران بنگش اور دیگر افراد نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پراسیکیوشن نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کر دیا۔ سماعت کے دوران کامران بنگش نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے 20 جنوری کو مزید سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو طلب کر لیا ہے اور ملزم کے خلاف باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کر دیا۔