لاہور(سپورٹس ڈیسک )پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کیلئے ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور عالمی شہرت یافتہ کوچ اوٹس ڈیلروئے گبسن کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ۔فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اوٹس گبسن ایک تجربہ کار اور آزمودہ لیڈر ہیں، جو چیمپئن شپ جیتنے کی ذہنیت کے ساتھ ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔زلمی مینجمنٹ کے مطابق گبسن کی شمولیت سے ییلو اسٹورم مزید مضبوط ہو گیا ہے اور ٹیم واضح سمت، طاقت اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھے گی۔خیال رہے کہ اوٹس گبسن کا شمار عالمی کرکٹ کے کامیاب کوچز میں ہوتا ہے۔ وہ 2010 سے 2014 تک ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ رہے، ان کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے 2012 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا۔ بطور کھلاڑی بھی وہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کا تجربہ زلمی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔