بیٹی کو ملنے کیلئے آنیوالا باپ قتل

امانت علی 6فروری کو ہارون آباد سے آیا، بیٹی کے گھر سے کھانا کھا کرنکلا اور اغوا ہو گیا ، لاش کھڈیاں والا سے ملی 
لاہور(کرائم رپورٹر)ہارون آباد سے لاہور اپنی بیٹی سے ملنے آنے والا شہری اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، جس کی لاش ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں والا سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت امانت علی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ امانت علی 6 فروری کو ہارون آباد سے لاہور آیا تھا اور گرین ٹاؤن میں اپنی بیٹی کے گھر قیام پذیر تھا۔ اسی روز وہ بیٹی کے گھر کھانا کھانے کے بعد باہر نکلا تاہم واپس نہ آیا، جس پر اہلِ خانہ نے تلاش شروع کی۔مغوی کے اغوا کا مقدمہ 6 فروری کو تھانہ گرین ٹاؤن میں مقتول کی بیٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم شخص کی لاش ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں والا سے ملی ہے، جسے شناخت نہ ہونے کی بنا پر متعلقہ تھانے کی پولیس نے تدفین کر دی۔بعد میں تفتیش کے دوران لاش کی شناخت امانت علی کے طور پر ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں، بشمول اغوا اور قتل، پر تفتیش جاری ہے جبکہ تاحال مقتول کی لاش ورثا کے حوالے نہیں کی جا سکی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔