پنجاب کے کسی بھی سرکاری سکول کو کتابیں نہیں دی گئیں، نائنتھ کلاسز کے طلبا کو مشکلات کا سامنا
لاہور( کرائم رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن کی مبینہ غفلت کے باعث سکولوں میں کتابیں فراہم کئے بغیر ہی داخلہ مہم شروع کردی گئی۔پنجاب کے کسی بھی سرکاری سکول کو کوئی نئی کتاب فراہم نہیں کی گئی۔ تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی سنگین مبینہ غفلت سامنے آگئی۔ سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز بغیر کتابوں کی فراہمی کے ہی کردیا گیا،4 فروری سے سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز ہوا ،خاص طور پر پری نائنتھ کلاسز کے طلبا کو مشکلات کا سامنا ہے۔نجی سکولوں کے طلبا نے مارکیٹ سے کتابیں خرید کر پڑھائی شروع کردی۔ پری نائنتھ کلاسز کے ہزاروں طلبا کا تعلیمی نقصان ہونے لگا ہے۔ صوبے میں ایک کروڑ سے زائد طلبا سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ دس لاکھ کے قریب نئے داخلے بھی اس تعلیمی سال میں ہونے جا رہے ہیں۔