فنڈز کی کمی، 3 منصوبے بند

گلاب دیوی ، چلڈرن ہسپتال اور ماڈل ٹا ئون کورٹس کے سامنے ٹریفک انٹر سیکشنز کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے مکمل نہ ہوسکے
 لاہور (کرائم رپورٹر)فیروز پور روڈ پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کے 3 منصوبے فنڈز کی نذر ہو گئے۔ گلاب دیوی ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور ماڈل ٹا ئون کورٹس کے سامنے ٹریفک انٹر سیکشنز کو اپ گریڈ کرنے کیمنصوبے بنائے گئے تھے جو حکومت کی طرف سے فنڈز جاری نہ ہونے سے پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔ چلڈرن ہسپتال کے سامنے شدید ٹریفک مسائل بدستور برقرار ہیں۔ تفصیل کے مطابق شہر کی مصروف ترین شاہراہ فیروز پور روڈ پر ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تیار کئے گئے 3 بڑے منصوبے فنڈز کی کمی کے باعث بند کر دئیے گئے۔ایل ڈی اے نے گلاب دیوی ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور ماڈل ٹا ئون کورٹس کے سامنے ٹریفک انٹر سیکشنز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جس کے لئے 28 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ،تاہم، پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک برس میں صرف 8 کروڑ روپے جاری کئے گئے جبکہ باقی 20 کروڑ کا اجرا نہ ہوسکا۔ فنڈز کی کمی کے باعث ایل ڈی اے نے منصوبہ بند کر دیا۔ٹریفک انٹرسیکشن کی بہتری کیلئے ایل ڈی اے، کمشنر آفس اور ٹریفک پولیس کے درمیان مراسلوں کا تبادلہ ہوتا رہا، لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کوئی عملی پیش رفت نہ ہوسکی۔گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے ٹرائی اینگل انٹرسیکشن اپ گریڈیشن،    داخلی اور خارجی راستے علیحدہ بنانے تھے، اسفالٹ اور دیگر بہتری کا کام مکمل نہ ہوسکا۔چلڈرن ہسپتال کے سامنے یوٹرن اور داخلی و خارجی راستوں کی تعمیر نہ ہوئی جس سے ہسپتال کے سامنے شدید ٹریفک مسائل برقرار ہیں۔ماڈل ٹا ئون کورٹس کے قریب انٹرسیکشن اپ گریڈیشن اورٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی التوا کا شکار ہے۔لاہور کی اہم ترین سڑک پر ٹریفک کے شدید مسائل کے باوجود ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے فنڈز کا عدم اجرا شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہ ہونے سے ان مقامات پر ٹریفک کے مسائل مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔