مولانا فضل الرحمن کی اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت
ملک انتشار کی طرف بڑھ رہا ہے، معیشت مزید عدم استحکام برداشت نہیں کر سکتی: سربراہ جے یوآئی
اسلام آباد( آن لائن ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اڈیالہ جیل کے باہر بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہنوں اور پارٹی کارکنوں پر مبینہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کے روز جاری کیے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پرامن اور آئینی احتجاج پر ریاستی تشدد افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا کہ جیل میں قید کسی بھی شخص سے ملاقات اس کے اہلِ خانہ کا آئینی حق ہے، اور اس حق کے استعمال پر رکاوٹیں کھڑی کرنا بنیادی جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹیرینز اور اپوزیشن رہنماؤں پر تشدد کو آمریت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں جمہوری روایات کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں‘ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال تیزی سے انتشار اور تصادم کی طرف بڑھ رہی ہے، جبکہ موجودہ معاشی اور سماجی حالات اس نوعیت کی کشیدگی برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے