میٹرو بس معطلی اعلان پر معاملہ کے حل کیلئے اجلاس طلب

لاہور(کرائم رپورٹر)ویڈا کمپنی کی طرف سے آج سے میٹرو بس آپریشنز معطل کرنے کے اعلان پرپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے معاملے کے فوری حل کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ ویڈا کمپنی کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔میٹرو بس سروس جاری رکھنے اور کمپنی کے تحفظات دور کرنے کیلئے مذاکرات ہونگے۔ جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق ویڈا حکام کو آپریشن جاری رکھنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائیگی، صورتحال برقرار رہنے پرمتبادل انتظامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔دوسری جابب شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس بند نہیں ہونی چاہیے، روزانہ ہزاروں لوگ اس پر سفر کرتے ہیں جنہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومت کو اس مسئلے کا فوری حل نکالنا چاہیے۔میٹرو بس بندش کے خدشے نے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں میں بھی بے یقینی پیدا کر دی ہے۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر آپریشن معطل ہوا تو مسافروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔تاہم ممکنہ تعطل سے قبل متبادل ٹرانسپورٹ انتظامات کے لیے بھی اجلاس میں فیصلہ متوقع ہے۔اتھارٹی نے فی الحال متبادل انتظامات کا پلان ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ فوری توجہ ویڈا کمپنی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے بس سروس بحال رکھنے پر مرکوز ہے۔