قومی دن پر احتجاج محب وطن ایجنڈے کے خلاف ہے، عظمیٰ بخاری

قومی دن پر احتجاج محب وطن ایجنڈے کے خلاف ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جلاؤ گھیراؤ اور مار دھاڑ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

 ان کے مطابق 5 اگست کو پنجاب میں کوئی احتجاجی مظاہرہ نہیں ہوا تھا اور آئندہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ 14 اگست کو پوری قوم یوم آزادی کا جشن منائے گی اور فتنہ پرور پارٹی فساد کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا کہ اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون حرکت میں آئے گا، اس لیے بہتر ہے کہ پی ٹی آئی 14 اگست کے احتجاج کو ملتوی کر دے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی بانی پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ قومی دن پر احتجاج کرنا کسی محب وطن کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔

 انہوں نے 2014 کے دھرنوں کی پیداوار جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت احتجاج اور دھرنے اپنا مشغلہ بنا چکی ہے اور ان کے نزدیک قومی دن یا مذہبی تہوار کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔عظمی بخاری نے سخت الفاظ میں کہا کہ "قیدی نمبر 420" کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ 14 اگست کو قوم آپریشن بنیان و مرصوص کی کامیابی کا جشن بھی منائے گی اور کسی فسادی ٹولے کو عوام کی خوشیوں کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔