لاہور (کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1340 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 686 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 918 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور لائن و لین کے نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی کالز کے مطابق ان حادثات میں 867 ڈرائیورز، 57 کم عمر ڈرائیورز، 579 مسافر اور 173 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 216 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی درالحکومت میں 299 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان میں 102 حادثات میں 116 متاثرین کے ساتھ دوسرے، اور فیصل آباد میں 91 حادثات میں 107 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1619 متاثرین میں 1291 مرد اور 328 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 300 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 891 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، اور 428 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ان حادثات میں شامل گاڑیوں کی تعداد یوں ہے: 1405 موٹر سائیکلیں، 83 آٹورکشے، 141 کاریں، 32 وین، 10 مسافر بسیں، 31 ٹرک اور 96 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔