قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی کمی کے باعث 14 اپریل تک ملتوی

قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی کمی کے باعث 14 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد:قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے پیر 14 اپریل 2025، سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی، جو جمعہ کو وقتِ مقررہ پر شروع ہوا۔اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس پر اسپیکر نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"آپ ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیتے۔"کورم چیک کرنے کے لیے گنتی کروائی گئی، لیکن مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کے باعث اجلاس میں آدھے گھنٹے کا وقفہ دیا گیا۔ اس دوران اپوزیشن رکن حامد رضا نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین کے مسئلے پر بات ہونی تھی اور کوشش کی کہ اپنے ہی رکن کو کورم کی نشاندہی سے باز رکھیں، مگر کامیابی نہ ہوئی۔

اسپیکر ایاز صادق نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے 7 اپریل کو نہروں کے مسئلے پر ایک قرارداد جمع کرائی تھی، جس پر ایوان میں بحث ہوئی۔ تاہم، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، جے یو آئی واک آؤٹ کا حصہ نہیں بنی۔اسپیکر نے کہا:"اگر نہروں یا کسی اہم مسئلے پر بات کرنی ہے تو ایوان میں موجود بھی رہنا ہوگا۔ آپ لوگ ایوان کو چلنے ہی نہیں دینا چاہتے۔"انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز بھی کورم کی نشاندہی کی گئی تھی، حالانکہ اس دن اور آج بھی اپوزیشن کے اہم سوالات وقفہ سوالات میں شامل تھے۔کورم مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔